’’بڑوں ‘‘ کی صحبت ’’بڑا ‘‘ بنادیتی ہے۔
’’تعلیم ممکن اسکالرشپ ‘‘ پروگرام میں لاہور کی چھ بڑی جامعات کے طلبہ وطالبات شامل ہیں ، جہاں ان کی اسپوکن انگلش ، لیڈرشپ ،مینرزاینڈایتھیکس اور پروفیشنل زندگی میں ترقی کرنے کے لیے درکاراسکلزسے متعلق تربیت کی جاتی ہے۔دیگر بہت ساری قابلیتوں اور مہارتوں کو سکھانے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں آنے والے حالات کے مطابق ان کی ذہن سازی بھی کی جاتی ہے ، تاکہ عملی زندگی میں وہ بہتر انداز میں ترقی کرسکیں اور ملک و قوم کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
’’قاسم علی شاہ فاؤنڈیشن ‘‘ کے زیر اہتمام ’’Meet up with CEO’s ‘‘کے نام سے ایک سیشن کا انعقاد کیا گیا ، جس کا مقصد ’’ تعلیم ممکن پروگرام ‘‘ کے طلبہ کوملک پاکستان کی مایہ ناز کامیاب شخصیات سے متعارف کرانا اور ان کے تجربات سے مستفید کرانا تھا ۔ساتھ ہی ساتھ انھیں یہ باوربھی کرانا تھا کہ ’’ آپ نے نوکری لینے والا نہیں بلکہ نوکری دینے والا بننا ہے۔ ‘‘اس پروگرام میں معروف اداروں کے سی ای اوز کو مدعو کیا گیا تھا جنھوں نے بڑے بہترین انداز میں طلبہ کو اپنے قیمتی تجربات اور عملی زندگی کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔
محترم رانا عدیل ممتاز صاحب( سی ای اوApex Group of Colleges) نے طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے زندگی کے تجربات اور اس دوران آنے والے مسائل اور ان کے حل پر بہترین انداز میں روشنی ڈالی اور طلبہ کومستقبل کے لیے رہنمائی دی۔
اس پروگرام میں 260کے قریب طلبہ وطالبات نے شرکت کی اور مہمان مقررین کی گفتگو سے بھرپور انداز میں مستفید ہوئے۔